پنجاب بچوں کیلئے جہنم؟ شیخو پورہ میں 12 سالہ گھریلو ملازمہ زینب مالکن کے تشدد سے جاں بحق

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں انسانیت سوز اور دردناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں بااثر گھریلو مالکان کے ظالمانہ تشدد کے نتیجے میں 12 سالہ معصوم گھریلو ملازمہ زینب جان کی بازی ہار گئی۔ ہولناک واقعے کے بعد علاقے میں غم و غصے کی شدید لہر دوڑ گئی ہے جبکہ سوگوار خاندان نے فوری اور کڑے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق کمسن زینب گزشتہ ڈیڑھ سال سے خالد روڈ کے رہائشی چوہدری رفاقت کے گھر میں بطور ملازمہ کام فرائض انجام دے رہی تھی۔

جاں بحق بچی کے لواحقین نے انتہائی سنگین الزام عائد کیا ہے کہ گھر کی مالکن نے کسی معمولی بات پر غصے میں آ کر ڈنڈوں سے معصوم زینب کو بے دردی سے نشانہ بنایا۔ شدید ترین تشدد کے نتیجے میں بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئی۔

پولیس کی کارروائی اور تفتیش کا آغاز

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور مقتولہ کی لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ قانونی اور میڈیکولیگل کارروائی (پوسٹ مارٹم) کے لیے لاش کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کمسن ملازمہ کی ہلاکت کے اس مکروہ جرم میں ملوث ایک ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ دیگر روپوش ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعے کے ہر پہلو سے سختی سے تفتیش کی جا رہی ہے اور ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

Related Posts