کراچی کے صنعتی علاقے سائٹ ایریا میں میٹروول کے قریب واقع ایک گارمنٹس فیکٹری کے گودام میں آگ لگ گئی ہے جس پر قابو پانے کے لیے فائر فائٹرز کی کوششیں جاری ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پلاٹ نمبر اے 14 پر قائم اورمونڈیا گارمنٹس نامی فیکٹری کی بالائی منزل پر موجود گودام میں اچانک آگ لگ گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور کے ایم سی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق آگ بجھانے کے عمل میں 5 سے زائد فائر ٹینڈرز حصہ لے رہے ہیں جبکہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے کے ایم سی کے دو واٹر باوزر بھی موقع پر طلب کر لیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا خطرے سے نمٹنے کے لیے اسنارکل بھی روانہ کی جا چکی ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ یہ امر انتہائی تشویشناک ہے کہ چند روز قبل بھی اسی مقام پر آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ فیکٹری کی بالائی منزل پر گودام قائم ہے جہاں اس بار پھر آگ لگنے کی وجوہات اور نقصان کا تخمینہ آگ بجھائے جانے کے بعد ہی لگایا جا سکے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








