کراچی میں عالمی اسکواش چیمپئن شپ! 82 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم کیلئے ہونگے بڑے مقابلے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

پاکستان میں ایک بار پھر بین الاقوامی اسکواش مقابلوں کا انعقاد ہونے جا رہا ہے جہاں 82 ہزار ڈالرز کی مجموعی انعامی رقم پر مشتمل وینس اے بی سی اوپن اسکواش چیمپئن شپ بدھ 21 اکتوبر 2026 سے کراچی کے کریک کلب، ڈیفنس اتھارٹی میں شروع ہوگی۔

ایونٹ کے منتظمین کے مطابق بین الاقوامی اسکواش کیلنڈر میں شامل اس چیمپئن شپ میں مردوں اور خواتین کے الگ الگ مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ دونوں ایونٹس کے لیے 41، 41 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم مختص کی گئی ہے جبکہ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔

25 اکتوبر تک جاری رہنے والے اس پانچ روزہ ایونٹ کے ابتدائی مرحلے میں ٹاپ آٹھ سیڈڈ کھلاڑیوں کو بائی دی گئی ہے جس کے باعث وہ پہلے راؤنڈ میں حصہ لیے بغیر براہ راست پری کوارٹر فائنل میں کھیلیں گے۔

مردوں کے مقابلوں میں انگلینڈ کے کرس ملک، جو عالمی درجہ بندی میں 25ویں نمبر پر ہیں، ٹاپ سیڈ ہوں گے جبکہ مصر کے مصطفی السرتے، عالمی رینکنگ میں 48ویں پوزیشن کے ساتھ، دوسرے سیڈ کی حیثیت سے میدان میں اتریں گے۔

خواتین کے ایونٹ میں انگلینڈ کی لوسی ٹرمل کو ٹاپ سیڈ قرار دیا گیا ہے جو عالمی درجہ بندی میں 27ویں نمبر پر ہیں۔ مصر کی امینہ الریحانے، عالمی رینکنگ میں 46ویں پوزیشن کے ساتھ، دوسری سیڈ ہوں گی۔

پاکستان کی جانب سے مردوں کے مقابلوں میں عاصم خان، عبداللہ نواز، ناصر اقبال اور اذان علی خان اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔

خواتین کے ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی کھلاڑیوں میں ثنا بہادر بھی شامل ہیں جو سماعت اور گویائی سے محروم ہیں اور پشاور سے تعلق رکھتی ہیں۔ وہ براہ راست ایونٹ میں جگہ بنانے والی پاکستان کی واحد خاتون کھلاڑی ہیں جبکہ رشنا محبوب اور انعم عزیز وائلڈ کارڈ کے ذریعے مقابلوں میں حصہ لیں گی۔

کراچی میں ہونے والی یہ چیمپئن شپ پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور غیر ملکی حریفوں کے خلاف کھیلنے کا اہم موقع فراہم کرے گی۔

Related Posts