پاکستانی اداکارہ میرا کو کینیڈا میں داخلے سے کیوں روکا گیا؟ حیران کن خبر سامنے آگئی

تازہ ترین

تازہ ترین

اداکارہ میرا

پاکستانی اداکارہ میرا کو مبینہ طور پر کینیڈا کی سرحد پر روک کر کئی گھنٹے پوچھ گچھ کے بعد امریکا واپس بھیج دیا گیا۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نیویارک سے ایک تقریب میں شرکت کے لیے کینیڈا جا رہی تھیں کہ نیاگرا فالز کے قریب امیگریشن حکام نے انہیں روک لیا۔

رپورٹس کے مطابق میرا کو کینیڈا میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی تاہم حکام نے اس اقدام کی وجوہات ظاہر نہیں کیں اور اداکارہ کی جانب سے بھی تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

اطلاعات میں اس معاملے کو میرا کے ماضی کے دورۂ کیلگری سے جوڑا جا رہا ہے جہاں انہوں نے اپنی فلم سائیکو کی تشہیر کے دوران مبینہ طور پر اسٹیج پر پرفارم کیا تھا۔ بعض رپورٹس کے مطابق ورک پرمٹ یا پرفارمنس کی اجازت سے متعلق مسائل اس واقعے کی وجہ ہوسکتے ہیں تاہم اس دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔

یاد رہے کہ اداکارہ کو ماضی میں برطانوی امیگریشن مسائل کا سامنا کرنے کی اطلاعات بھی سامنے آتی رہی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق انہیں تقریباً 10 سال تک برطانیہ میں داخلے کی پابندی کا سامنا رہا جسے ان کے اہلِ خانہ نے امیگریشن انٹرویو کے دوران غلط فہمی سے منسوب کیا تھا۔ بعد ازاں برطانوی ویزے کے حصول میں مشکلات اور کینسر میں مبتلا اپنی بہن سے ملاقات کے لیے ویزا درخواست دینے کی خبریں بھی سامنے آئیں۔

میرا کے پاس امریکی گرین کارڈ ہونے کی اطلاعات بھی ہیں تاہم کینیڈا میں داخلے سے روکے جانے کی اصل وجہ تاحال واضح نہیں اور متعلقہ حکام یا اداکارہ کی جانب سے اس معاملے کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

Related Posts