لینگویج موڈیول کی تبدیلی آپ کو کنگلا کر دے گی! اے ٹی ایم فراڈ کا نیا طریقہ بے نقاب

تازہ ترین

تازہ ترین

اے ٹی ایم
(فوٹو: پرو پاکستانی)

لاہور میں اے ٹی ایم مشینوں میں جعل سازی کرکے شہریوں کے اکاؤنٹس سے لاکھوں روپے نکلوانے والے مبینہ تین رکنی گروہ کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان بینک کے اے ٹی ایم سسٹم میں معمولی ردوبدل کرکے شہریوں کو دھوکا دیتے اور بعد ازاں ان کے اکاؤنٹس سے رقم نکال لیتے تھے۔

پولیس کے مطابق واقعہ وحدت کالونی میں قائم ایک بینک کے اے ٹی ایم پر پیش آیا جہاں ایک بزرگ خاتون رقم نکلوانے کے لیے پہنچیں۔ اس وقت تین افراد پہلے سے اے ٹی ایم بوتھ کے اطراف موجود تھے جن میں سے ایک اندر جبکہ دو افراد باہر موجود تھے۔

پولیس کے مطابق اندر موجود شخص نے اے ٹی ایم میں کارڈ پھنس جانے کا تاثر دیا جبکہ اس کے ساتھیوں نے خود کو اس معاملے سے لاعلم ظاہر کرتے ہوئے خاتون کو مشین استعمال کرنے کا موقع دیا۔

خاتون نے اے ٹی ایم استعمال کیا تو مشین نے ان کا کارڈ واپس نہیں کیا۔ کچھ دیر انتظار کے بعد وہ کارڈ کے بغیر ہی وہاں سے چلی گئیں تاہم گھر پہنچنے سے قبل ہی انہیں اپنے بینک اکاؤنٹ سے رقم نکلنے کا پیغام موصول ہوگیا۔

واقعے کی تحقیقات کے دوران پولیس ملزمان تک پہنچ گئی اور چونیاں سے تین افراد پر مشتمل مبینہ گروہ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں دو سگے بھائی بھی شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمان گزشتہ ایک سال کے دوران اے ٹی ایم سے متعلق درجن سے زائد وارداتیں کرچکے ہیں جبکہ ان کا زیادہ تر ہدف بزرگ شہری بنتے تھے۔

تفتیش کے مطابق ملزمان اے ٹی ایم کے ایک تکنیکی ماڈیول میں مبینہ ردوبدل کرتے تھے جس کے باعث مشین معمول کے مطابق بحال ہونے میں 10 منٹ لیتی تھی۔ اس دوران شہریوں کے کارڈ مشین میں پھنس جاتے اور ملزمان مبینہ طور پر بعد میں ان کارڈز کو استعمال کرکے رقم نکالتے تھے۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے جبکہ مزید تحقیقات کے ذریعے گروہ کی دیگر وارداتوں اور ممکنہ ساتھیوں سے متعلق معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

Related Posts