عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے جس کی بڑی وجوہات میں مشرق وسطیٰ سے تیل کی برآمدات میں اضافہ اور جی سیون ممالک کی جانب سے اپنے ہنگامی ذخائر سے خام تیل اور ڈیزل مارکیٹ میں لانے کا فیصلہ شامل ہے تاہم ایران جنگ کے باعث خلیجی خطے میں تیل کی تنصیبات کو مزید نقصان پہنچنے کے خدشات کے سبب مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔
کاروباری ہفتے کے آغاز پر برینٹ خام تیل کی قیمت 35 سینٹ، یعنی 0.34 فیصد کم ہوکر 101.90 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔ اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت میں 62 سینٹ، یعنی 0.68 فیصد کمی ہوئی جس کے بعد یہ 90.49 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کررہا تھا۔
گزشتہ ہفتے برینٹ خام تیل کی قیمت میں ہونے والا بیشتر اضافہ بھی ختم ہوگیا جبکہ WTI کی ہفتہ وار قیمت میں 1.6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
عالمی منڈی میں قیمتوں پر دباؤ بڑھنے کی ایک اہم وجہ جی سیون ممالک کا وہ فیصلہ ہے جس کے تحت ہنگامی ذخائر سے مجموعی طور پر 10 کروڑ بیرل ڈیزل اور خام تیل مارکیٹ میں جاری کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق ہنگامی ذخائر سے تیل کی دستیابی میں اضافے سے عالمی سپلائی کے حوالے سے فوری خدشات میں کمی آئی ہے تاہم خلیجی خطے میں جاری کشیدگی اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو لاحق خطرات تیل کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا سبب بن سکتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








