تاریخی سنگ میل! پاکستانی ڈاکیومینٹری ’ہینگنگ بائی اے وائر‘ آسکرز کے لیے نامزد

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستانی سینما کے لیے ایک تاریخی لمحہ سامنے آیا ہے جہاں پاکستان اکیڈمی سلیکشن کمیٹی نے نامور فلم ساز محمد علی نقوی کی ڈاکیومینٹری فلم ہینگنگ بائی اے وائر (Hanging by a Wire) کو اکیڈمی ایوارڈز (آسکرز) 2027 کے لیے پاکستان کی باضابطہ انٹری کے طور پر منتخب کر لیا ہے۔

اس اہم فیصلے کا باقاعدہ اعلان کینیڈا میں جاری موزیک انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے دوران فلم کے پریمیئر کے موقع پر کمیٹی کی ڈپٹی چیئرپرسن ثناء زہرا جعفری نے کیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان نے آسکرز کی بیسٹ انٹرنیشنل فیچر فلم کیٹیگری کے لیے کسی فکشن یا فیچر فلم کی بجائے ایک دستاویزی فلم (Documentary) پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

بٹگرام کے ہولناک کیبل کار حادثے کی کہانی:

یہ سنسنی خیز اور جذباتی دستاویزی فلم اگست 2023 میں خیبرپختونخوا کے ضلع بٹگرام کے علاقے میں پیش آنے والے اس لرزہ خیز چیئرلفٹ حادثے پر مبنی ہے جب دریائے جہانگیری کے اوپر تقریباً 600 فٹ بلندی پر ایک کیبل کار ٹوٹنے سے 6 معصوم طلبہ سمیت 8 افراد گھنٹوں ہوا میں معلق رہے تھے۔

فلم میں اس طویل اور جان جوکھوں میں ڈالنے والے 12 گھنٹے طویل ریسکیو آپریشن کو فلمایا گیا ہے جس میں پاک فوج کے جوانوں کے علاوہ مقامی زِپ لائن کے ماہرین علی سواتی اور صاحب خان کی بے مثال شجاعت کو دکھایا گیا ہے جنہوں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر تمام افراد کو بحفاظت نکالا تھا۔

فلم کی پروڈکشن اور عالمی پزیرائی:

ہینگنگ بائی اے وائر کی تحریر اور ڈائریکشن کے فرائض محمد علی نقوی نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کے پروڈیوسر بلال سمیع ہیں۔ اس پروجیکٹ میں حادثے کے وقت کی اصل ویڈیوز، عینی شاہدین کے انٹرویوز، بچ جانے والوں کی آپ بیتی اور سنیماٹک ری اینفورسمنٹ (Cinematic Re-enactment) کو شاندار انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس ڈاکیومینٹری کا ورلڈ پریمیئر روا سال کے اوائل میں مشہورِ زمانہ سنڈانس فلم فیسٹیول کے ورلڈ سنیما ڈاکیومینٹری کمپیٹیشن میں ہوا تھا، جس کے بعد اسے ٹرائی بیکا فلم فیسٹیول میں بھی سراہا گیا۔ فلم سازوں کے مطابق اس دستاویزی فلم کو رواں برس پاکستان میں بھی سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا تاہم حتمی تاریخ کا اعلان تاحال باقی ہے۔

Related Posts