عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں 3 ڈالر سے زائد کی کمی کے باوجود شہباز حکومت نے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا۔ پٹرول کی قیمت میں 2 روپے 10 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 30 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا جبکہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم لیوی اور دیگر محصولات کی وصولی کا سلسلہ بھی برقرار ہے جس کا اضافی بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ نئی قیمتوں کے مطابق پٹرول کی قیمت 390 روپے 66 پیسے سے بڑھ کر 392 روپے 76 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 399 روپے 34 پیسے سے بڑھا کر 399 روپے 64 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔ نئی قیمتیں 3 سے 5 اکتوبر 2026 تک نافذ رہیں گی۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے حکومت کے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے مقررہ طریقہ کار کے تحت نئی ایکس ڈپو قیمتوں کا جائزہ لیا جس کے بعد قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتیں عالمی مارکیٹ کے نرخوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مقرر کی گئی ہیں۔ ڈویژن کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر پلیٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر متعلقہ اخراجات میں ہونے والی تبدیلیوں کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظرثانی کی گئی۔
یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ایک روز قبل ہی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 3 روپے 26 پیسے فی لیٹر اضافہ کرکے اسے 390 روپے 66 پیسے کردیا تھا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے ایک پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی جس کے بعد ڈیزل 399 روپے 34 پیسے فی لیٹر پر آگیا تھا۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں جمعہ کو خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ خام تیل کی قیمتیں 3 ڈالر سے زائد نیچے آئیں جبکہ یورپی مارکیٹ میں ڈیزل کی قیمتوں کے اہم پیمانے سمجھے جانے والے گیس آئل فیوچرز میں بھی 4 فیصد سے زیادہ کمی ہوئی۔
عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت 3.06 ڈالر یا تقریباً 3 فیصد کمی کے بعد 99.25 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔ اسی طرح ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت 3.95 ڈالر یا 4.25 فیصد کمی کے بعد 88.92 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔
ہفتہ وار بنیاد پر بھی عالمی خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار ہے۔ برینٹ کی قیمت رواں ہفتے اب تک تقریباً 4.7 فیصد جبکہ WTI کی قیمت تقریباً 3.7 فیصد کم ہوچکی ہے۔
ادھر یورپی گیس آئل فیوچرز، جو ڈیزل کی قیمتوں کے لیے ایک اہم عالمی پیمانہ ہیں تقریباً 4.3 فیصد کمی کے بعد 1,386.75 ڈالر فی میٹرک ٹن پر آگئے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








