کراچی میں نوکری کی تلاش میں نکلنے والی 59 لڑکیاں ایک انوکھے فراڈ کا شکار ہوگئیں جہاں انہیں ملازمت اور ٹریننگ کے نام پر گڈاپ سٹی کے ایک فارم ہاؤس بلایا گیا اور موقع ملتے ہی 50 سے زائد موبائل فون لے کر ملزمان فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر جاری جعلی جاب اشتہار کے ذریعے لڑکیوں کو انٹرویو اور ٹریننگ کے لیے دو بسوں میں فارم ہاؤس منتقل کیا گیا جہاں ریکارڈنگ پر پابندی کا جواز بنا کر تمام موبائل فون ایک بیگ میں جمع کرلیے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ساحل سلمان نامی شخص ایک ساتھی کے ہمراہ موبائل فونز سے بھرا بیگ لے کر فرار ہوگیا۔ واقعے کے بعد متاثرہ لڑکیوں نے گڈاپ ٹاؤن تھانے پہنچ کر شکایت درج کرائی۔
پولیس نے فارم ہاؤس کے منیجر وقاص اور کوآرڈینیٹر نرگس کو حراست میں لے لیا جبکہ مقدمہ درج کرکے مرکزی ملزم اور اس کے ساتھی کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








