پنجاب کی جیلوں میں انتظامی معاملات اور ریکارڈ کی جانچ پڑتال کا عمل شروع ہونے جارہا ہے۔ آئی جی جیل خانہ جات پنجاب نے سالانہ انسپیکشن شیڈول 2026-27 جاری کردیا ہے جس کے تحت اکتوبر سے نومبر 2026 کے دوران صوبے کی تمام 44 جیلوں کا معائنہ کیا جائے گا۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق انسپیکشن ٹیمیں جیلوں میں پہنچ کر جیل ریکارڈ، انتظامی امور اور اے ڈی پی اسکیموں پر ہونے والے کام اور ان کی تکمیل کا جائزہ لیں گی۔ متعلقہ انسپیکشن ٹیم مقررہ تاریخ سے دو روز پہلے متعلقہ جیل میں پہنچے گی۔
مراسلے میں تمام سپرنٹنڈنٹس جیل کو ہدایت کی گئی ہے کہ معائنے کے لیے مطلوبہ انسپیکشن پروفارما پہلے سے مکمل کرکے تیار رکھے جائیں جبکہ سابقہ انسپیکشن کے دوران جاری کیے گئے نوٹس پر عملدرآمد سے متعلق رپورٹ بھی ٹیم کو پیش کرنا ہوگی۔
حکام کے مطابق جیلوں میں مکمل ہونے والی اے ڈی پی اسکیموں کا افتتاح بھی انسپیکشن کے دوران کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ڈی آئی جیز جیل کو سالانہ انسپیکشن شیڈول پر مقررہ وقت کے مطابق عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
شیڈول کے تحت اڈیالہ جیل سمیت پنجاب کی تمام 44 جیلوں کے معائنے ہوں گے اور ہر جیل کے دورے کی تاریخ جاری کردہ سالانہ شیڈول کے مطابق مقرر کی گئی ہے۔
اڈیالہ جیل؛
راولپنڈی میں واقع مشہور قید خانہ ہے۔ یہ جیل راولپنڈی کے علاقہ اڈیالہ کے مقام پر واقع ہے۔ انتہائی حساس نوعیت کے اس جیل کا قیام 1986ء کی دہائی میں عمل میں آیا۔
اڈیالہ جیل میں 1919 قیدی رکھنے کی گنجائش ہے تاہم ضرورت کے مطابق گنجائش سے زیادہ قیدی بھی ٹھہرائے جا سکتے ہیں۔
اس جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان بھی قید ہیں جبکہ اس سے پہلے
سابق وزیر اعظم نواز شریف، سابق صدر آصف زرداری اور مریم نواز بھی قید رہی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








