وفاقی دارالحکومت کے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے کے بعد وزیراعظم نے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کو فوری طور پر اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم نے وفاقی وزیر صحت کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر پمز اسپتال پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیں، متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کریں اور واقعے سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔
اسپتال ذرائع کے مطابق آگ پمز کے زچہ و بچہ اسپتال کے اولڈ بلاک میں قائم نرسری میں لگی، تاہم عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ کو نرسری کے اندر تک محدود رکھا۔ نرسری میں آگ بجھانے کے لیے نصب حفاظتی آلات استعمال کیے گئے جبکہ اسپتال عملے نے آگ پر قابو پانے کے لیے 15 فائر سلنڈرز استعمال کیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نرسری میں دھواں بھر جانے کے باعث 15 نومولود بچے جاں بحق ہوگئے، جبکہ جاں بحق بچوں میں دو ماہ کا ایک شیر خوار بھی شامل ہے۔ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے میتیں لواحقین کے حوالے کی جا رہی ہیں۔
واقعے کے بعد اسپتال میں سوگ کی فضا ہے جبکہ متعلقہ حکام نے آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








