بھارت کی ریاست ہریانہ کے ضلع کروکشیتر میں شوہر کے قتل کا انتہائی خوفناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک خاتون پر الزام ہے کہ اس نے مبینہ طور پر اپنے شوہر کو چاقو کے وار کرکے قتل کیا اور لاش کے ساتھ انتہائی سفاکانہ حرکت کی۔ پولیس واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ پیہووا روڈ پر واقع ایک کرائے کے مکان میں پیش آیا، جہاں 40 سالہ راجیش نامی شخص کو مبینہ طور پر چاقو کے وار سے قتل کیا گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق مکان مالکن نے میاں بیوی کے درمیان جھگڑے کی آوازیں سننے کے بعد موقع پر پہنچ کر مقتول کو خون میں لت پت حالت میں دیکھا۔
رپورٹس کے مطابق خاتون وملا دیوی پر الزام ہے کہ اس نے مقتول کے پیٹ پر گہرا وار کیا، جس کے بعد مبینہ طور پر باہر آنے والی آنتوں کو پلاسٹک بیگ میں رکھنے کی کوشش کی۔ موقع پر پہنچنے والے افراد کے مطابق خاتون بعد ازاں چھت سے گر گئی، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئی اور اسے اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے مختلف سائز کے تین چاقو برآمد کیے ہیں، جبکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد مزید سوالات سامنے آئے ہیں۔ حکام کے مطابق جسمانی معائنے میں کچھ اعضا کے حوالے سے بھی تحقیقات جاری ہیں کہ آیا ان کا تعلق قتل کے واقعے سے ہے یا نہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔ خاتون کی طبیعت بہتر ہونے کے بعد اس سے مزید پوچھ گچھ کی جائے گی، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








