لاہور میں2 لاکھ 30 ہزار روپے کی ڈکیتی جھوٹی نکلی۔ پولیس نے کمپنی کے 2 ملازمین کو گن پوائنٹ پر ڈکیتی کی جھوٹی کال کرنے اور دھوکہ دہی کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ مغل پورہ میں 2 ملازمین نے مل کر کمپنی کی 2 لاکھ روپے سے زائد رقم ہڑپ کرنے کا منصوبہ تیار کیا تھا جو ناکام ہوگیا۔ کال کرنے والے ملزم اور ساتھی، جسے رقم دی گئی تھی، دونوں ایک ہی کمپنی کے ملازم تھے۔
منصوبے کے تحت ایک ملازم نے کمپنی کی رقم اپنے دوسرے ساتھی کے حوالے کرکے خود 15 پر کال کرکے پولیس کو غلط اطلاع دی کہ اس سے 2لاکھ 30ہزار رقپے کی رقم گن پوائنٹ پر چھینی گئی ہے۔ ملزم نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ رقم لے کر جارہا تھا کہ 2 نامعلوم مسلح افراد نے رقم چھین لی اور فرار ہوگئے۔
تاہم لاہور پولیس نے مقدمے کی تفتیش کے دوران ملازم کے بیانات کو مشکوک سمجھتے ہوئے جرح کی اور مختلف سوالات پوچھے جس پر ملازم زیادہ دیر تک پولیس کو دھوکہ نہ دے سکا اور اپنے ہی ساتھی ورکر کے ساتھ مل کر غبن کا منصوبہ بنانے کا اعتراف کرلیا۔
دونوں ملازمین کی شناخت عبدالواحد اور عمر کے ناموں سے ہوئی۔ پولیس نے فوری کارروائی کے دوران دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے رقم بھی برآمد کرلی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








