پیٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی، ڈیلرز مارجن میں اضافہ آج رات سے نافذ ہوگا

تازہ ترین

تازہ ترین

پیٹرولیم
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد عوام پر ایک اور پیٹرول بم گرانے کی تیاری مکمل کرلی جس کے نتیجے میں پیٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہوجائیں گی۔ ڈیلرز مارجن میں اضافہ آج رات سے نافذ کیے جانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کے حوالے سے سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ آج رات 12 بجے سے ڈیلرز مارجن میں اضافے کے ساتھ ہی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق ہوجائے گا۔ وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 27 پیسے سے لے کر 1 روپے 64 پیسے فی لیٹر تک کا اضافہ کیا گیا۔

حکومت نے گزشتہ شب پیٹرول کی قیمت میں 27 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا جس کے نتیجے میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 337 روپے 51پیسے سے بڑھ کر 337روپے 78 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔

وفاقی حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 1 روپے 64 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا۔ جس کے نتیجے میں ڈیزل کی قیمت 363روپے 6 پیسے سے بڑھ کر 364روپے 70 پیسے ہوگئی۔

Related Posts