پنجاب کے ضلع بہاول نگر کی تحصیل فورٹ عباس میں زمیندار اور ساتھیوں نے وحشیانہ تشدد کیا جس کے نتیجے میں 14 سالہ ملازم جاں بحق ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ فورٹ عباس کے علاقے مروٹ کے قریب پیش آیا جہاں زمیندار نے ساتھیوں کے ہمراہ 14سالہ ملازم کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ کم عمر ملازم کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔
نابالغ ملازم پر جان لیوا تشدد کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ملازم کی لاش ضروری کارروائی کیلئے تحویل میں لی گئی اور واقعے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے مقتول کو کمرے میں بند رکھ کر مسلسل وحشیانہ تشدد کیا۔
مقتول کی والدہ کی مدعیت میں درج کی گئی ایف آئی آر میں 3 ملزمان کو وحشیانہ تشدد کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تشدد میں ملوث ایک ملزم گرفتار جبکہ 2 فرار ہوچکے ہیں جنہیں پکڑنے کیلئے کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








