کراچی میں ایک اور دل دہلا دینے والا واقعہ، نالے سے کمسن بچی کی بوری بند لاش برآمد

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی کے علاقے قائد آباد میں شادی ہال کے قریب نالے سے بوری بند کمسن بچی کی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کے حوالے سے پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق نالے سے ملنے والی لاش مبینہ طور پر 6 سے 7 سالہ بچی کی ہے، جسے بوری میں بند کرکے پھینکا گیا تھا۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور لاش کو قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق بچی کا چہرہ خراب ہونے کے باعث فوری شناخت ممکن نہیں ہوسکی، جبکہ شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ایک ایسے خاندان کو بھی اسپتال طلب کیا گیا ہے جن کی بچی عائشہ گلالئی 13 اگست سے لاپتہ ہے اور اس کی گمشدگی کا مقدمہ قائد آباد تھانے میں درج کرایا جاچکا ہے۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ فی الحال برآمد ہونے والی لاش کی شناخت نہیں کرسکتے، کیونکہ چہرہ ناقابل شناخت ہے اور کوئی واضح نشانی موجود نہیں۔ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔

Related Posts