جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی میں کمی نہ کیے جانے کے خلاف آج کراچی میں گورنر ہاؤس سندھ کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کردیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے احتجاج کا 15 روزہ شیڈول بھی تیار کرلیا گیا ہے، جس کے تحت مختلف مراحل میں حکومت پر دباؤ بڑھایا جائے گا۔لاہور میں بھی دھرنا دینے کا اعلان کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہونے سے اس کے اثرات ہر شعبے پر پڑتے ہیں اور روزمرہ استعمال کی تمام اشیا مہنگی ہوجاتی ہیں۔ ان کے مطابق مہنگائی کا سب سے زیادہ بوجھ عام شہری برداشت کررہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک کی اشرافیہ ٹیکس ادا نہیں کرتی جبکہ غریب عوام مسلسل مہنگائی کے بوجھ تلے دب رہے ہیں۔ مراعات یافتہ طبقہ مختلف سہولیات مفت حاصل کرتا ہے، جبکہ آئی پی پیز کے مالکان کی آمدنی سے بھی ٹیکس وصولی نہیں کی جاتی۔
دوسری جانب اپنے ایک بیان میں منعم ظفر نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم لیوی کی مد میں مقررہ ہدف سے تقریباً 100 ارب روپے زیادہ وصول کرچکی ہے اور ٹیکس اہداف حاصل کرنے میں ناکام حکومت نے پیٹرولیم لیوی کو اضافی آمدنی حاصل کرنے کا ذریعہ بنا لیا ہے۔
لاہور میں بھی جماعت اسلامی کے زیر اہتمام پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔ پارٹی کے مطابق یہ احتجاج چیئرنگ کراس مال روڈ پر منعقد ہوگا، جہاں کارکنان حکومت سے پیٹرولیم لیوی میں کمی اور عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ کریں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








