انڈونیشیا: زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 40 ہوگئی، 2000 افراد بےگھر

تازہ ترین

تازہ ترین

انڈونیشیا میں خوفناک زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 20 سے بڑھ کر 40 تک جا پہنچی ہے۔ 7.7شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 50 افراد زخمی جبکہ 2000سے زائد بے گھر ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں ایک ہی روز میں کئی عمارات ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ عالمی میڈیا کا کہنا ہے کہ 2000 سے زائد افراد کھلے آسمان تلے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں جبکہ 50 سے زائد گھر تباہ و برباد ہوگئے۔ متعدد گھروں کو زلزلے سے جزوی نقصان بھی پہنچا۔

زلزلے کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سے ریسکیو کارروائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ متعدد افراد تاحال زمیں بوس ہونے والی عمارات کے ملبے تلے دبے ہونے کے باعث اموات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ ہفتے کی صبح آنے والے زلزلے کے بعد سونامی وارننگ کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ زلزلہ انڈونیشیا کے جزیرے فلوریس کے قریب آیا جس کے بعد متعدد آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ زلزلے کے بعد جاری کی گئی سونامی وارننگ کچھ ہی وقت کے بعد واپس لے لی گئی تھی۔ ریسکیو حکام اور امدادی ٹیمیں زلزلہ زدگان کی امداد میں مصروف ہیں۔

Related Posts