سعودی عرب نے پاکستان اوریجن کارڈ (POC) رکھنے والے پاکستانی نژاد افراد کے لیے بڑی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے انہیں پہلی بار پاکستانی حج کوٹے میں شامل ہونے کی اجازت دے دی ہے۔
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق سعودی حکام کی منظوری کے بعد پاکستان کے مجموعی حج کوٹے کا ایک فیصد POC کارڈ ہولڈرز کے لیے مختص کیا جائے گا۔ اس اقدام کے تحت تقریباً 1,792 پاکستانی نژاد افراد پہلی مرتبہ پاکستان کے حج کوٹے پر فریضہ حج ادا کرسکیں گے۔
نئی پالیسی کے تحت POC کارڈ رکھنے والے افراد سرکاری اور نجی دونوں حج اسکیموں کے ذریعے حج کی ادائیگی کے اہل ہوں گے۔ یہ سہولت بالخصوص ان پاکستانی نژاد افراد کے لیے اہم پیش رفت ہے جنہوں نے ماضی میں پاکستانی شہریت اور پاسپورٹ ترک کردیا تھا۔
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق POC ہولڈرز کو حج ویزا جاری کرنے کے لیے سعودی حکام کی مقرر کردہ قانونی اور انتظامی شرائط پوری کرنا ضروری ہوں گی۔ حج ویزے کے اجرا میں کسی قانونی یا انتظامی رکاوٹ کی صورت میں متعلقہ درخواست متاثر ہوسکتی ہے۔
وزارتِ مذہبی امور POC کارڈ ہولڈرز کے لیے حج درخواستوں، اہلیت اور دیگر شرائط سے متعلق تفصیلات اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے گی، جبکہ درخواست فارم میں سعودی وزارتِ حج کی جانب سے مقرر کردہ شرائط بھی شامل کی جائیں گی۔
متعلقہ حکام کو POC کارڈ رکھنے والے پاکستانی نژاد افراد کے لیے اس نئی سہولت سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔
پاکستان اوریجن کارڈ ایسے غیر ملکی شہریوں کو جاری کیا جاتا ہے جو ماضی میں پاکستانی شہری رہے ہوں یا جن کا پاکستانی پس منظر ہو۔ نئی پالیسی کے تحت ایسے افراد کو پہلی مرتبہ پاکستان کے حج کوٹے سے فریضہ حج ادا کرنے کا موقع ملے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








