سارو گنگولی اور اہلیہ ڈونا کو جان سے مارنے کی دھمکیاں، مقدمہ درج

تازہ ترین

تازہ ترین

گنگولی
(فوٹو: آن لائن)

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سابق صدر سارو گنگولی اور ان کی اہلیہ ڈونا گنگولی کو مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد کولکتہ پولیس میں باضابطہ شکایت درج کرادی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گنگولی خاندان کو گزشتہ کئی ماہ سے نامعلوم افراد کی جانب سے دھمکی آمیز اور قابلِ اعتراض خطوط موصول ہورہے تھے۔ ابتدا میں ان خطوط کو کسی فرد کی ذاتی رنجش یا مداح کی حد سے بڑھی ہوئی جذباتی کیفیت سمجھ کر نظر انداز کیا جاتا رہا، تاہم حالیہ دنوں میں موصول ہونے والے 2 خطوط میں سارو گنگولی اور ڈونا گنگولی کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنے کے ساتھ انہیں اور ان کے ساتھ کام کرنے والے افراد کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔

معاملے کی سنگینی کے پیش نظر سارو گنگولی کے ذاتی معاون اور خاندان کی جانب سے کولکتہ کے تھاکرپکور پولیس اسٹیشن میں تحریری شکایت درج کرائی گئی، جبکہ ریاستی حکومت کے سیکیورٹی محکمے کو بھی صورتحال سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ شکایت میں پولیس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ دھمکی آمیز خطوط بھیجنے والے شخص کی شناخت کرکے اس کے خلاف کارروائی کی جائے اور سارو گنگولی، ڈونا گنگولی سمیت ان کے عملے کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

ابتدائی پولیس تحقیقات کے مطابق یہ دھمکی آمیز خطوط کورئیر کے ذریعے سارو گنگولی کی رہائش گاہ پر بھیجے گئے تھے۔ پیکٹ پر بھیجنے والے کا نام ’ارون کمار‘ درج تھا اور تفتیش کاروں نے خط میں درج فون نمبر کا بھی سراغ لگایا، جو ’ٹروکالر‘ پر بھی ارون کمار کے نام سے ظاہر ہوا۔

تاہم پولیس اس پہلو سے بھی تحقیقات کررہی ہے کہ آیا یہ خطوط واقعی ارون کمار نے بھیجے یا کسی اور شخص نے اس کی شناخت استعمال کرتے ہوئے گنگولی خاندان کو دھمکیاں دیں۔ پولیس حکام نے سارو گنگولی کے ذاتی معاون کو یقین دہانی کرائی ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور سابق بھارتی کپتان، ان کے اہل خانہ اور عملے کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

Related Posts