آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے ملک بھر میں ہڑتال شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان کا کہنا ہے کہ آج سے لوڈنگ مکمل طور پر بند کردی گئی ہے اور ملک کی تمام گڈز ٹرانسپورٹ بند ہونے جارہی ہے۔
نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کافی عرصے سے حکومت کو اپنے تحفظات اور ہڑتال کے فیصلے سے آگاہ کررہے تھے۔ ہڑتال کی کال کے دو روز قبل حکومت نے رابطہ کیا جبکہ سندھ حکومت کے ساتھ بھی مذاکرات ہوئے، تاہم بات چیت کامیاب نہ ہوسکی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ٹرانسپورٹرز کے مسائل کو سنجیدگی سے نہیں لے رہیں۔ آج سے گاڑیوں کی لوڈنگ بند ہے، جو گاڑیاں پہلے ہی راستے میں ہیں وہ کراچی پہنچیں گی، تاہم کراچی بندرگاہ اور پورٹ قاسم سے کسی گاڑی کی نئی لوڈنگ نہیں ہوگی۔
ملک شہزاد اعوان کے مطابق ٹرانسپورٹرز کا مطالبہ ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کا فیصلہ واپس لیا جائے اور قیمتوں میں کمی کی جائے۔ اگر حکومت قیمتوں میں کمی نہیں کرسکتی تو ودہولڈنگ ٹیکس اور ٹول ٹیکس میں کمی کی جائے۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے کہا کہ وزیرِ مواصلات نے واضح کیا تھا کہ ودہولڈنگ اور ٹول ٹیکس میں بھی کمی نہیں کی جاسکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز ان وزرا کے استعفوں کا بھی مطالبہ کررہے ہیں جنہوں نے تحریری طور پر وعدے کیے تھے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ جب تک ٹرانسپورٹرز کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، ہڑتال جاری رہے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








