واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ غزہ بورڈ آف پیس نے حماس کے غیر مسلح ہونے کا معاہدہ کرلیا، معاہدے کے تحت جیسے ہی حماس کو غیر مسلح کرنے کا عمل مکمل ہوجائے گا، اسرائیلی فوج واپس چلی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر پیغام جاری کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ بورڈ آف پیس نے حماس اور دیگر تمام مسلح گروہوں کے مکمل غیر مسلح ہونے سے متعلق تاریخی معاہدہ کیا جو دیرپا امن اور سلامتی کی جانب سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ معاہدہ غزہ میں بالآخر نئی فلسطینی حکومت کے قیام کی جانب اہم پیشرفت ہے، نئی حکومت فلسطینیوں کی مدد کیلئے بورڈ آف پیس کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کرے گی۔ اسرائیل کو بھی وہ سکیورٹی دیں گے جس کا اس نے مطالبہ کیا ہے۔
بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ حماس کو غیر مسلح کرنے کا معاہدہ میرے 20 نکاتی منصوبے پر عمل کی جانب اہم قدم ہے جس پر مرحلہ وار عملدرآمد ہوگا۔ جیسے جیسے غیر مسلح کرنے کا عمل مکمل ہوگا، اسرائیلی فوج کا غزہ سے انخلا بھی ہوگا۔ عالمی استحکام فورس نئی فلسطینی پولیس کے ساتھ غزہ میں امن قائم کرے گی۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایک سال قبل غزہ میں شدید جنگ اور انسانی بحران تھا لیکن اب نمایاں پیشرفت سامنے آئی ہے، انہوں نے مصر، ترکیہ اور قطر کے ثالثی کردار کی تعریف کی اور تینوں ممالک کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں 7 اکتوبر کو پیدا ہونے والے خطرے کو دوبارہ جنم لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








