غیر قانونی افغان شہریوں اور جرائم پیشہ افراد کیخلاف کراچی پولیس کا بڑا آپریشن، 20 گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی میں ضلع وسطی پولیس کا جرائم پیشہ عناصر، غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں اور جوا کھیلنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 20 ملزمان گرفتار

کراچی کے ضلع وسطی پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران جرائم پیشہ عناصر، غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں اور جوئے کی سرگرمیوں میں ملوث افراد سمیت 20 مشتبہ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

یہ کارروائیاں ایس ایس پی ضلع وسطی ڈاکٹر محمد عمران خان کی ہدایت پر کی گئیں، جن میں مختلف تھانوں کی پولیس ٹیموں نے حصہ لیا۔

شریف آباد تھانے کی پولیس نے پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تین افغان شہریوں کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت غلام رسول ولد رمضان، محمد شفیق ولد مقیم اور نجیب اللہ ولد حاجی غلام حیدر کے نام سے ہوئی۔ ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے سائٹ ایریا میں واقع گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کے امین ہاؤس منتقل کردیا گیا۔

سمن آباد تھانے کی پولیس نے بھی دو افغان شہریوں طازہ گل ولد محمد عمر اور محمد یوسف خان ولد اکبر خان کو گرفتار کرکے مزید کارروائی کے لیے منتقل کردیا۔

حیدری مارکیٹ تھانے کی پولیس نے جوئے کے اڈے پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے دو مبینہ جواریوں ظفر حسین شاہ اور محمد بدل کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے جوئے کی رقم برآمد کرکے ان کے خلاف قمار بازی ایکٹ کی دفعہ 5/5 (اے) کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

دوسری جانب سپر مارکیٹ تھانے کی پولیس نے مختلف کارروائیوں میں چار غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں جبکہ پانچ اشتہاری اور مفرور ملزمان کو گرفتار کیا، جو مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔

یوسف پلازہ تھانے کی پولیس نے بھی چار افغان شہریوں کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی کے لیے منتقل کردیا۔

پولیس حکام کے مطابق ضلع وسطی میں جرائم پیشہ عناصر اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ شہر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔

Related Posts