اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت کا مقبوضہ جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ مسلمانوں کے خلاف ایک بڑی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہندوستانی اور بین الاقوامی میڈیا میں مودی سرکار کی طرف سے مسلمانوں کی نسل کشی کی اطلاعات آ رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر کے ساتھ پوری قوم کا اظہارِ یکجہتی دُنیا کے لیے ایک ٹھوس پیغام ہے۔آرمی چیف
وزیر اعظم نے کہا کہ ایسی اطلاعات سے دُنیا بھر میں عالمی برادری کے کانوں میں خطرے کی گھنٹیاں بج اُٹھنی چاہئیں۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ مودی سرکار کا مقبوضہ وادی پر غیر قانونی قبضہ مسلمانوں کے خلاف بڑی حکمت عملی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل شدت پسند مودی حکومت نے بھارتی ریاست آسام میں لاکھوں افراد کی شہریت ختم کردی جس میں سے تقریباً 19 لاکھ افراد کا مذہب اسلام ہے جبکہ حکومت کی جانب سے غیر قانونی تارکینِ وطن کی تصدیق کے لیے اس اقدام کو ضروری قرار دیا گیا ہے۔
بھارتی حکومت کے مطابق شمال مشرقی ریاست آسام کی شہریت سے خارج افراد چار ماہ کے اندر اندر اپیل کرسکتے ہیں۔جو لوگ بھارتی شہری نہیں، انہیں بھارت سے انخلاء کا حکم دئیے جانے کے خدشات ہیں، تاہم اس حوالے سے مودی حکومت نے کوئی معلومات جاری نہیں کی ہیں۔
مزید پڑھیں: آسام میں 19 لاکھ مسلمانوں کی بھارتی شہریت ختم، عوام کا بھارتی حکومت کے خلاف احتجاج