لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آٹے کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد صوبائی حکام کو ہدایت کی ہے کہ روٹی کی قیمت فوری طور پر کم کی جائے تاکہ اس کا براہ راست فائدہ عوام تک پہنچایا جا سکے۔
جمعرات کے روز اشیائے خور و نوش کی قیمتوں پر منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے پرائس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی کہ وہ فوری اقدامات کرے اور آٹے کی قیمت میں کمی کے تناسب سے روٹی کی قیمت میں بھی واضح کمی یقینی بنائے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ آٹے کی قیمت میں کمی کا اثر روٹی پر ضرور نظر آنا چاہیے۔ ہر گھرانے کی دسترس میں روٹی ہونی چاہیے۔ اس ریلیف کا فائدہ عوام تک فوری طور پر پہنچنا چاہیے۔
مریم نواز نے عزم ظاہر کیا کہ روٹی کی قیمت کو “تاریخی حد تک کم” کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کھانے پینے کی اشیاء کی مہنگائی سب سے زیادہ اثر غریب طبقے پر ڈالتی ہے، جسے فوری طور پر قابو میں لانا ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ بنیادی اشیائے خور و نوش خصوصاً مرغی، سبزیاں، اور دالوں کی قیمتوں پر کڑی نگرانی رکھیں کیونکہ ان میں اضافے کا براہِ راست اثر عام شہریوں کی زندگی پر پڑتا ہے۔
مرغی کے گوشت کی بڑھتی ہوئی قیمت پر خاص تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غریب آدمی کے لیے ہفتے میں ایک بار بھی مرغی کھانا ناممکن بنتا جا رہا ہے، میں یہ صورتحال ہرگز جاری نہیں رہنے دوں گی۔
انہوں نے مارکیٹوں کی نگرانی بڑھانے اور ذخیرہ اندوزی یا منافع خوری میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی حکومت مہنگائی کے منفی اثرات سے غریب طبقے کو بچانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔