وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت مسئلہ کشمیر کے حوالے سے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج ہوگا

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی صدارت میں دارالحکومت اسلام آباد میں ہوگا جس میں وادی کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور خطے کے امن وامان پر اس کے اثرات ومضمرات سمیت نو نکاتی ایجنڈے پر بات چیت ہوگی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کشمیر کی حالیہ صورتحال پر پاکستان کی سفارتی پیش رفت سے کابینہ اراکین کو آگاہ کریں گے اور پاک بھارت کشیدگی کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اقوام متحدہ کے اہم ترین ادارے سیکیورٹی کونسل کے مسئلہ کشمیر پر ہونے والے تاریخی اجلاس کے بعدخطے کی موجودہ صورتحال پر بھی گفت و شنید ہوگی۔

وزیر اعظم عمران خان کو مقبوضہ کشمیر سے متعلق ترتیب دی گئی خصوصی کمیٹی مسئلے سے متعلق اپنی تجاویز پیش کرے گی اور تنازعے کے حل کے حوالے سے مختلف آپشنز پر غور کیا جائے گا۔

کابینہ اراکین ملکی معیشت اور مہنگائی کی موجودہ صورتحال پر وزیر اعظم پاکستان کو بریفنگ دیں گے جس کے بعد مسائل کے تدارک کے لیے حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔

کابینہ سابقہ ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق کے ساتھ ساتھ غریب اور بے گھر افراد کے لیے سستے گھروں کے لیے قرض کی منظوری دے گی۔ اس حوالے سے پانچ ارب روپے تک قرض دینے کی تجویز زیر غور ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیر اعظم عمران خان کل لاہور میں گورنر اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کریں گے

وزیر اعظم پاکستان عمران خان پاک ترکی اسٹریٹجک اکانومک فریم ورک، گھریلو تشدد سے تحفظ اور تشدد کی عمومی روک تھام کے لیے بھی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کریں گے۔

اجلاس میں  مسیحی شادی اور طلاق کے آئینی بل 2019ء کی منظوری کے ساتھ ساتھ اینٹی ڈمپنگ ایپلٹ ٹریبونل کے چیئرمین اور دو اراکین کی تعیناتی کے فیصلے بھی متوقع ہیں۔

اس سے قبل وفاقی کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں ای سی سی کے فیصلے کی توثیق اور بارہ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ کابینہ اجلاس میں کراچی، لاہور، پشاور اور ملتان میں کثیر المنزلہ عمارات کی تعمیر پر مشاورت اور مفادِ عامہ کے نئے منصوبے پر گفتگو بھی ہوئی۔

مزیدپڑھیں:  وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کر لیا

Related Posts