گزشتہ کچھ دنوں سے کراچی کے سب سے بڑے ہاؤسنگ پروجیکٹ بحریہ ٹاؤن کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ہنگامہ برپا ہے اور یہاں تک دعوے کیے جا رہے ہیں کہ پروجیکٹ کے مالک ملک ریاض کچھ دنوں میں بحریہ ٹاؤن کو دیوالیہ قرار دے دیں گے۔
تاہم ملک ریاض سے منسوب ایک آڈیو کلپ میں انہیں ان تمام افواہوں کی تردید کرتے سنا جاسکتا ہے۔
یہ معاملہ گزشتہ مہینے شروع ہوا جب کراچی میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کی جانب سے بحریہ ٹاؤن میں جائیداد کی خرید و فروخت اور اشتہاری مہم روکنے کے احکامات جاری کیے گئے۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے مطابق میسرز بحریہ ٹاؤن کی فروخت اور اشتہاری مہم کا این او سی کینسل کر دیا گیا ہے۔
ادارے کی جانب سے جاری خط میں مزید بتایا گیا کہ ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک سیل اینڈ ایڈورٹائیزمینٹ نے بحریہ ٹاؤن پروجیکٹ کے این او سی کی منسوخی کا لیٹر جاری کر دیا ہے۔

ایس بی سی اے کے خط میں بتایا گیا کہ میسرز بحریہ ٹاؤن نے اسکروٹنی کی مد میں واجبات ادا نہیں کیے، بحریہ ٹاؤن کو متعدد شو کاز نوٹس جاری کرنے کے باوجود ایس بی سی اے کو ادائیگی نہیں کی گئی۔
شو کاز نوٹس کا جواب نہ آنے اور اسکروٹنی فیس کی مد میں واجبات ادا نہ کرنے کی وجہ سے بحریہ ٹاؤن کا این او سی منسوخ کر دیا گیا ہے۔
ملک ریاض کیخلاف مقدمہ
ایس بی سی اے نے مبینہ طور پر بحریہ ٹاؤن کے چیک باؤنس ہونے پر ملک ریاض اور ان کے بیٹے علی ریاض ملک کے خلاف مقدمہ بھی درج کروایا۔
ایس بی سی اے نے تمام ضروری دستاویزات کے ہمراہ پولیس سے مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی تھی۔

دیوالیہ ہونے کی افواہیں
ایف آئی آر اور ایس بی سی اے کے ایکشن کے بعد سوشل میڈیا پر یہ خبر وائرل ہوگئی کہ ملک ریاض کی طرف سے بحریہ ٹاؤن کراچی کو ”دیوالیہ“ قرار دیے جانے کا امکان ہے اور وہاں موجود پلاٹوں کی قیمتوں میں بڑی کمی متوقع ہے۔
اس خبر کے وائرل ہوتے ہی کئی لوگوں نے اس موضوع پر ولاگز بنائے اور اپنا اپنا تجزیہ پیش کیا۔
ملک ریاض کی وضاحت
ملک ریاض نے بحریہ ٹاؤن کے دیوالیہ ہونے سے متعلق خبروں پر ردعمل کا اظہار ایک آڈیو کلپ میں کیا۔
سینئر صحافی جاوید چودھری نے ملک ریاض سے ہونے والی گفتگو شیئر کی جس میں انہوں نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن کے دیوالیہ ہونے سے متعلق تمام خبریں جھوٹی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بحریہ ٹاون محفوظ ہے اور دن دگنی رات چگنی ترقی کر رہا ہے۔ جو اس کی مخالفت کر رہے ہیں اللہ انہیں شکست دے گا اور بحریہ ٹاؤن کو کامیاب و کامران کرے گا۔