اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے سعودی شہزادہ محمد بن سلمان سےٹیلی فونک رابطہ کر کے مسئلہ کشمیر اور پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے گفتگو کی۔
وزیر اعظم پاکستان نے خطے میں امن و امان کی صورتحال پر پاکستان کی تشویش اور بھارت کی طرف سے پیدا کردہ کشیدگی کے حوالے سے شہزادہ محمد بن سلمان کو آگاہ کیا۔
سعودی ولی عہد نے وزیر اعظم عمران خان کو سعودی عرب کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ سعودی عرب چاہتا ہے کہ پاک بھارت تعلقات میں بہتری پیدا ہو۔
اس موقعے پر وزیر اعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ کشمیر کی آئینی حیثیت بدلے جانے کے بعد مقبوضہ وادی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے۔ بھارت کو چاہئے کہ اپنے جارحانہ عزائم سے باز رہے۔
اس کے علاوہ دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان مسئلہ کشمیر کے حوالے سے دیگر امور بھی گفت و شنید کا حصہ رہے۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و امان کے قیام کے لیے پاک بھارت تعلقات کی بہتری کو ضروری قرار دیا۔
مزید پڑھیئے: پاک بھارت کشیدگی اور کشمیر کی صورتحال پر تشویش ہے۔ امریکا