مولانا فضل الرحمان کی زیرِ صدارت آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہوگی جس کے دوران حکومت مخالف احتجاج کا آئندہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اے پی سی کی میزبانی کریں گے جبکہ اب تک 9 سیاسی پارٹیوں کو دعوت نامے دئیے جاچکے ہیں تاکہ تحریکِ انصاف کے خلاف متفقہ حکمتِ عملی ترتیب دی جاسکے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جے یو آئی (ف) سربراہ کی دعوت قبول کرتے ہوئے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی ہامی بھر لی ہے جبکہ سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کے مطابق پیپلز پارٹی وفد بلاول بھٹو کی قیادت میں کانفرنس میں شریک ہوگا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کی میزبانی میں ہونے والی اے پی سی میں شریک نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
فضل الرحمان کی زیر صدارت اے پی سی میں دیگر سیاسی پارٹیوں بشمول عوامی نیشنل پارٹی اور جمعیت علمائے پاکستان کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا جس کے دوران سیاسی سرگرمیوں میں اضافے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
جے یو آئی (ف) اور پیپلز پارٹی سربراہوں کے درمیان دو روز قبل سیاسی امور پر بات چیت ہوئی، جبکہ آل پارٹیز کانفرنس اور رہبر کمیٹی کو مزید فعال کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر ملکی امور پر گفتگو ہوئی۔
مزید پڑھیں: فضل الرحمان کا بلاول سے رابطہ، سیاسی سرگرمیاں بڑھانے پر اتفاق