اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف 12 سے 13 جنوری کو متحدہ عرب امارات کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے منگل کو ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے۔
وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ کے اہم ارکان سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ وزیراعظم کا یو اے ای کا تیسرا دورہ ہوگا۔
دورے کے دوران وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے صدر سے ملاقات کریں گے جس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو آگے بڑھانے اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اور نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کریں گے۔
مزید پڑھیں:ہمارے ایم پی ایز کی وفارداریاں تبدیل کرانے کیلئے کروڑوں کی پیشکش کی گئی، فواد چوہدری
دورے کے دوران وزیراعظم اماراتی تاجروں اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کریں گے تاکہ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔