سابق وزیر خزانہ اسد عمر کو وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات بنا دیا گیا ،جس کا حلف آج انہوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اٹھا لیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما اسد عمر سے ایوانِ صدر میں صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے حلف لیا جبکہ وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار کا قلمدان تبدیل کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایسے کیسز آ رہے ہیں جن سے یکطرفہ احتساب کے تاثر کی نفی ہوگی۔چیئرمین نیب
وفاقی وزیر خسرو بختیار کا قلمدان تبدیل کرکے انہیں وزارتِ پٹرولیم کا چارج دے دیا گیا ہے جو اس سے قبل عمر ایوب خان کے پاس تھا جو اب صرف وزارتِ پاور ڈویژن سنبھالیں گے۔
اس سے قبل عمر ایوب خان کے پاس وزارتِ پاور ڈویژن کے ساتھ ساتھ پٹرولیم کا قلمدان بھی تھا، جو خسرو بختیار کو دے دیا گیا ہے، تاہم وفاقی کابینہ میں مزید ردو بدل کے امکانات ہیں۔تحریک انصاف کی اتحادی سیاسی جماعتوں کو بھی وزارتوں کے اضافی قلمدان دئیے جاسکتے ہیں جس کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کرے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ لوگ کرپشن کے خاتمے کے لیے آج بھی تحریکِ انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں جبکہ عوام نے وزیر اعظم کو ووٹ کرپشن کے خاتمے کے لیے ہی دیا۔
سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم ملک کا پیسہ لوٹنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں دیکھنا اور اپنا حق ان سے حاصل کرنا چاہتی ہے۔
مزید پڑھیں: لوگ کرپشن کے خاتمے کے لیے تحریک انصاف کی حکومت کے ساتھ ہیں۔اسد عمر