حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان کسی قسم کا کوئی معاہدہ نہیں ہوا، مریم اورنگزیب

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان کسی قسم کا کوئی معاہدہ نہیں ہوا، مریم اورنگزیب
حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان کسی قسم کا کوئی معاہدہ نہیں ہوا، مریم اورنگزیب

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات اور معاہدے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس وقت پاکستان میں جو کچھ ہورہا ہے، اُس کا ذمہ دار عمران خان ہے، پی ٹی آئی کے کارکنان کے گھروں سے اسلحہ برآمد ہوا جس نے عمران خان کے ارادوں کو بے نقاب کردیا، عمران صاحب جہاد نہیں فساد کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت اور اپوزیشن کے مابین معاہدے کی بازگشت، جلسہ ہوگا، آزادی مارچ نہیں؟

‎اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں خانہ جنگی کی سازش کی قیادت عمران صاحب کررہے ہیں، عمران صاحب ملک میں خانہ جنگی چاہتے ہیں۔‎عمران صاحب اسلحہ کے زور پر اسلام آباد پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں حکومت اور عمران خان کے مابین معاہدے کی بازگشت سنائی دے رہی ہے، کہا جارہا ہے کہ عمران خان اسلام آباد میں جلسہ کرکے چلے جائیں گے۔ آزادی مارچ نہیں ہوگا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر معروف صحافی اور ٹی وی میزبان غریدہ فاروقی نے کہا کہ انقلاب یو ٹرن لے چکا، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان معاہدہ طے ہوگیا۔

ٹوئٹر پیغام میں غریدہ فاروقی نے مزید کہا کہ اب لانگ مارچ نہیں، اسلام آباد میں صرف جلسہ ہوگا اور اس کے بعد عمران خان سمیت سب گھروں کو واپس چلے جائیں گے۔

دوسری جانب ٹوئٹر ہینڈل کے ذریعے حقیقت ٹی وی نامی یو ٹیوب چینل کا کہنا تھا کہ عمران خان کی پارٹی میں مخالف قوتوں کے ایجنٹ بیٹھے ہیں جو جلسے اور دھرنے کا کہہ رہے ہیں۔

نجی یو ٹیوب چینل نے مزید کہا کہ مخالف قوتوں کے ایجنٹ عمران خان سے کہہ رہے ہیں کہ ہم ایک خاص جگہ دھرنا دیں گے یا جلسہ ہوگا۔ وہ کنٹینر پر کھڑے ہو کر وکٹ کی دونوں جانب کھیل رہے ہیں۔

اس حوالے سے نجی یو ٹیوب چینل کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان کو چاہئے کہ سڑکوں پر رہیں اور اندر چھپے ڈبل ایجنٹوں سے خبردار رہیں جو ان کا آزادی مارچ فلاپ کروانا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل چیئرمین تحریکِ انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے آزادی مارچ کیلئے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم حقیقی آزادی لے کر رہیں گے، میں ولی انٹرچینج پہنچ رہا ہوں۔

 سوشل میڈیا پر جاری کردہ ویڈیو پیغام میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میں اس وقت اپنے آزادی مارچ کا آغاز کررہا ہوں اور ولی انٹرچینج پہنچنے والا ہوں جہاں سے ہم اسلام آباد کی طرف روانہ ہوں گے۔

Related Posts