پشاور: لکی مروت میں پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار شہید جبکہ 4 زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دہشت گردی کا افسوسناک واقعہ لکی مروت کے تھانہ برگئی میں پیش آیا۔ واقعے کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کر لیا۔ دہشت گردوں نے تھانے پر دستی بم اور راکٹ لانچر سے حملہ کیا۔
پاکستان میں کئی دہائیوں تک لڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ٹی ٹی پی
لکی مروت پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے تھانہ برگئی پر 2 اطراف سے حملہ کیا جبکہ اس دوران پولیس اور حملہ آوروں کے مابین فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔ کانسٹیبل ابراہیم، خیر الرحمان، سبز علی اور عمران نے جامِ شہادت نوش کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 4پولیس اہلکار شہید ہوئے جبکہ 4 زخمیوں کو طبی امداد دینے کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ دہشت گردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔
خیبر پختونخوا میں شہید اہلکاروں کی نمازِ جنازہ لکی مروت پولیس لائن میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی ہے جس میں ریجنل پولیس آفیسر بنوں محمد اشفاق انور اور ڈپٹی کمشنر شریک ہوئے۔
نمازِ جنازہ میں ڈی پی او اور فورسز اور سول افسران نے بھی شرکت کی۔ خیال رہے کہ لکی مروت سمیت خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔