وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ ہم دُنیا کے ہر فورم پر اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے لیے آواز اٹھائیں گے۔ میں پوری دنیا میں کشمیریوں کا سفیر بنوں گا۔
نیو یارک میں وزیر اعظم عمران خان نے امریکہ میں مقیم کشمیریوں کے وفد سے گفتگو کے دوران کہا کہ ہم ہر سطح پر کشمیریوں کی آواز کو بلند کریں گے اور اقوام عالم کو کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرنے کی دعوت دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: خطے میں دیر پا امن کے قیام کے لیے باہمی تنازعات کا حل ناگزیر ہے۔شاہ محمود قریشی
کشمیریوں کے وفد نے وزیر اعظم کو بتایا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے اور ہمارا اپنے کسی رشتہ دار یا عزیز سے کوئی رابطہ نہیں ہو پا رہا جس پر وزیر اعظم عمران خان نے ہمدردی کا اظہار کیا اور انہیں یقین دلایا کہ کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کے لیے ہر سطح تک آواز بلند کی جائے گی۔
وفدمیں ڈاکٹر غلام میر، ڈاکٹر خالد قاضی، امتیاز خان، عبدالرؤف میر، سردار سوار خان اور دیگر شامل تھے جبکہ کشمیریوں کے قریبی رشتہ داروں کے ساتھ ساتھ حریت رہنما بھی وفد کا حصہ تھے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سیکریٹری جنرل کومی نائیڈو اور افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی اہم ملاقات ہوئی جس میں مقبوضہ کشمیر سمیت خطے میں امن و امان کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیراعظم عمران خان امریکا کے دورے پر موجود ہیں جہاں وہ 23 ستمبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے اور 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کریں گے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کادورہ امریکا،اہم شخصیات سے ملاقاتیں