اسلام آباد: پاکستان پولیو پروگرام کے مطابق ملک میں پولیو کے 3 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 2 کا تعلق خیبر پختونخواہ جبکہ 1 سندھ سے ہے۔
خیبر پختونخواہ کے شہر بنوں کے علاقے زلول خیل میں ایک 2 سالہ بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ لکی مروت میں 18 ماہ کا بچہ پولیو وائرس سے متاثر پایا گیا جس سے رواں سال کے پی کے میں رپورٹ کردہ پولیو کیسز کی کل تعداد 52 تک پہنچ گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں ڈینگی کے 3 ہزار 377 مریض رجسٹر ہوئے، صوبائی محکمہ صحت کی رپورٹ
دوسری جانب صوبہ سندھ میں 2 سال 7 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس پائے جانے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد رواں سال صوبہ سندھ میں پولیو کیسز کی کل تعداد 69 ہو گئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق ملک میں بڑھتے ہوئے پولیو کیسز کی وجہ پورے ملک بالخصوص صوبہ خیبر پختونخواہ اور سندھ میں عوام کا پولیو ویکسین پر عدم اعتماد ہے۔ عوام میں یہ تاثر عام ہے کہ پولیو ویکسین صحت کے لیے مضر ہے جس کے باعث لوگ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلواتے جس کے نتیجے میں پولیو کا مرض ملک سے ختم ہونے کی بجائے بڑھ رہا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ڈینگی کنٹرول پروگرام کی رپورٹ کے مطابق شہر قائد میں ڈینگی کے مریض 2800 سے زیادہ جبکہ صوبہ سندھ میں رجسٹرڈ کیسز کی تعداد 3000 ہوچکی ہے جس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
سندھ بھر میں ستمبر کے دوران ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1500 ریکارڈ کی گئی اور اب تک اس مرض کے باعث 11 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ اعدادو شمار کے مطابق ڈینگی کے متاثرہ افراد کی یہ تعداد گزشتہ دو برسوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔
مزید پڑھیں: شہر قائد میں ڈینگی کے مریض 2800 سے زائد، سندھ میں رجسٹرڈ کیسز 3000 ہو گئے