اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو کو ایک مہینے سے زیادہ عرصہ ہوچکا اور مودی کا پاگل پن اب تک جاری ہے۔دیکھنا یہ ہے کہ دُنیا اس صورتحال پر کب تک عملی اقدامات کرتی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ حریت رہنماؤں کی گرفتاری اور نظر بندی کے بعد کشمیر میں کرفیو کے اکتیسویں دن سری نگر کے مئیر جنیدمٹوکو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔کشمیر میں بھارتی جارحیت عروج پر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر میں بے نقاب ہوتے ہوئے انسانی المیے نے دُنیا کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی ہے۔ شاہ محمود قریشی
انہوں نے کہا کہ آج عرب دُنیا کے دو اہم ترین وزرائے خارجہ اسلام آباد پہنچ رہے ہیں جس کے بعد پاکستان کی اعلیٰ قیادت ان سے کشمیر کے معاملے پر گفتگو کرے گی۔ یہ اہم ہے کہ دُنیا اس صورتحال پر کیا عملی اقدامات کرتی ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا اکتیسواں دن ، اب سری نگر کے مئیر جنیدمٹؤکو بھی گرفتار کر لیا گیا، مودی کا پاگل پن جاری ہی، آج عرب دینا کے دو اہم ترین وزرائے خارجہ اسلام آباد پہنچیں گے اور کشمیر پر گفتگو ہو گی۔ دینا اس صورتحال پر کب تک عملی اقدامات کرتی ہے یہ اہم ہے۔
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) September 4, 2019
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کہہ چکے ہیں کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان بھارت کے لیے پاکستانی فضائی حدود مکمل طور پر بند کرنے پر غور کر رہے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھارت پر افغانستان سے تجارت کرنے کے لیے بھی پاکستانی زمین کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے پر غور کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ان فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے قانونی تقاضوں پر بھی غور کر رہے ہیں۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے جس کام کی ابتدا کی تھی، اسے ہم انتہا تک لے کر جائیں گے۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم بھارت کے لیے پاکستانی فضائی حدود مکمل طور پر بند کرنے پر غور کر رہے ہیں۔فواد چوہدری