نئی سیاسی تحقیق سے یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ انسان سمیت ہر ممالیہ جانور پیدائش سے قبل بھی دنیا دیکھ سکتا ہے جس کیلئے وہ تصور کی حس استعمال کرتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نوزائدہ ممالیہ جانور آنکھ کھولنے سے قبل دنیا کا بصری احساس مرتب کرسکتے ہیں۔ حیرت انگیز طور پر نئی تحقیق سے یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ ماں کے پیٹ میں موجود ممالیہ جانور دنیا کے متعلق پہلے ہی خواب دیکھنے لگتے ہیں۔
واضح رہے کہ علمِ حیاتیات میں ممالیہ ایسے جانوروں کو کہتے ہیں جو اپنے بچوں کو دودھ پلاتے ہیں جن میں سے زیادہ تر گائے، بکری، بھینس اور چوہے کی طرح چوپائے یعنی چار پاؤں والے جانور ہوتے ہیں جبکہ انسان کا شمار بھی ممالیہ میں کیا جاتا ہے۔
پروفیسر مائیکل کرئیر کی قیادت میں محققین کی ایک ٹیم نے چوہوں کا سائنسی مطالعہ کیا جس میں آنکھیں کھولنے سے قبل چوہوں کی آنکھوں میں موجود ریٹینا سے نکلنے والی شعاعوں کاجائزہ لیا گیا۔ آنکھ کھلنے پر ممالیہ جانوروں کا رویہ انتہائی نفیس پایا گیا۔
محققین کی ٹیم کا کہنا ہے کہ زیادہ تر صورتوں میں آنکھ کھلنے سے پیشتر ہی ممالیہ جانور زمین کے حالات سے ابتدائی حد تک واقف ہوتے ہیں، اس لیے محتاط رویے کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ ریٹینا کی لہروں سے دماغ میں تصوراتی صلاحیت کا پتہ چلتا ہے۔
تحقیقاتی ٹیم کا کہنا ہے کہ آنکھ کھولنے سے قبل خواب جیسی سرگرمی ارتقائی معنویت کی حامل ہے جس سے ایک چوہا یہ اندازہ لگانے کی کوشش کرتا ہے کہ آنکھیں کھولنے کے بعد کیا ہوگا جس سے وہ تیزی سے ماحولیاتی خطرات کا سامنا کرنے کے قابل ہوجاتا ہے۔
آگے چل کر تحقیقاتی ٹیم نے ریٹینا کی لہروں کو پھیلانے کے ذمہ دار خلوں اور رگوں کے جال پر بھی تحقیق کی جس سے چوہوں میں نقل و حرکت کے محرکات کا پتہ چلتا ہے۔ چوہوں کا ماحول پر ردِ عمل یقیناً انسانوں سے مختلف ہے تاہم انسانوں میں بھی ایسی ہی خوبیاں موجود ہیں۔
مثال کے طور پر ایک بچے کی انگلیاں کسی چیز کی نرمی، سختی یا پھر درجۂ حرارت کا پتہ چلانے کیلئے خود بخود اس چیز کی طرف لپکتی ہیں جس سے پتہ لتا ہے کہ پیدائش سے قبل انسانوں میں بھی خواب دیکھنے کی صلاحیت موجود ہوتی ہے۔
اس حوالے سے پروفیسر مائیکل کرئیر کا کہنا ہے کہ دماغی سرکٹس پیدائش کے وقت خود بخود ایسے مربوط طریقے سے منظم ہوتے ہیں جس سے پتہ چلتا ہے کہ کچھ ابتدائی تعلیم پہلے ہی ہوچکی ہے جو آنکھ کھولنے سے قبل خواب دیکھنے کے مترادف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ریڈمی نے 50 میگا پکسل مین کیمرے سے لیس موبائل فون متعارف کرادیا