قومی شاعر، حکیم الامت علامہ اقبال کے 142ویں یومِ ولادت کے موقعے پر مزارِ اقبال پر پاک بحریہ کے گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب میں پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے اور شاعرِ مشرق علامہ اقبال کو سلامی پیش کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈورنعمت اللہ تھے۔
یہ بھی پڑھیں: بابری مسجد کی جگہ مندر کی تعمیر کا حکم عقل کے اندھے ہی دے سکتے ہیں۔شیخ رشید
پاک بحریہ کے اسٹیشن کمانڈر نعمت اللہ خان نے مزارِ اقبال پر حاضری کے دوران پاک نیوی کے دستوں کا معائنہ کیا اور فاتحہ خوانی کی، مزارِ شاعرِ مشرق پر پھولوں کی چادر کا نذرانہ پیش کیا اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے افکار نے برصغیر کے مسلمانوں میں اُمید کی شمع روشن کی جبکہ پوری قوم انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے قومی شاعر علامہ محمد اقبال کے 142ویں یومِ پیدائش کے موقعے پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی قوم کے ساتھ ساتھ ملتِ اسلامیہ بھی مفکر اسلام کی احسان مند ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ علامہ اقبال نے ایسے وقت میں برصغیر کے مسلمانوں کو آزاد اور خود مختار اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کا راستہ دکھایا جب وہ غلامی کے اندھیروں میں غرق ہوچکے تھے۔
مزید پڑھیں: علامہ اقبال کے افکار نے مسلمانوں میں امید کی شمع روشن کی۔وزیر اعظم عمران خان