مولانا فضل الرحمان کا آزادی مارچ لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ پہنچ چکا ہے جہاں شرکائے قافلہ نے فیصلہ کیا کہ رات کے وقت لاہور میں قیام کریں گے۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں لاہور پہنچنے والے آزادی مارچ کا اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں نے استقبال کیا جبکہ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور اے این پی رہنماؤں نے شرکاء اور مولانا کو خوش آمدید کہا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت نے اسلام آباد میں 2 ماہ تک ڈرون کیمرے کے استعمال پر پابندی لگا دی
ٹھوکر نیاز بیگ پہنچنے پر مولانا فضل الرحمان نے اپنے خطاب میں مارچ کے شرکاء کے جوش و جذبے کی تعریف کی اور کہا کہ آپ کا جذبہ حکمرانوں کے استعفوں کے لیے کافی ہے۔ عمران خان کو چاہئے کہ خود ہی مستعفی ہوجائیں۔
جے یو آئی سربراہ فضل الرحمان نے کہا کہ ہم اسلام آباد ضرور پہنچیں گے اور جعلی حکمرانوں کو ان کی کرسیوں سے گرا دیں گے۔ حکمران ووٹ کی امانت عوام کو واپس کریں تاکہ عوام کی مرضی کی حکومت آئے۔
اس موقعے پر مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن کی تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم قومی یکجہتی کو برقررا رکھتے ہوئے آگے بڑھ کر اپنے مقاصد حاصل کریں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل رکن قومی اسمبلی اور تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد عمر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان تتر بتر اپوزیشن کی سربراہی کی کوششوں میں مصروف ہیں جبکہ آزادی مارچ سے کشمیر کاز کونقصان پہنچے گا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ روز میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ فضل الرحمان چاہتے ہیں کہ دھڑوں میں بٹی ہوئی اپوزیشن کا خاطر خواہ فائدہ اٹھایا جائے۔
مزید پڑھیں: مولانا فضل الرحمان اپوزیشن کی سربراہی کی کوششوں میں مصروف ہیں۔اسد عمر