لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے ایک اور کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، عمر چیمہ اور اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت نے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بری کردیا جبکہ دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کو 10، 10 سال قید کا فیصلہ جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل لاہور میں سنایا۔
عدالت نے 9 مئی کے روز پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمے کا پہلے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔ فیصلے کے تحت پی ٹی آئی رہنما محمود الرشید، عمر چیمہ اور اعجاز چوہدری کے علاوہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو بھی 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
یاد رہے کہ انسدادِ دہشت گردی لاہور نے 19 جون کو بھی 9 مئی کیس میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو بری قرار دیتے ہوئے یاسمین راشد سمیت 8 ملزمان کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ 13 ملزمان کو بری کردیا گیا۔ جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں ہی سماعت مکمل ہونے پر ایک روز قبل یہ فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
تھانہ ریس کورس لاہور میں درج کیے گئے مقدمے میں کلب چوک جی او آر گیٹ پر حملے کے کیس میں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید سمیت کل 21افراد پر توڑ پھوڑ اور انتشار پھیلانے کے سنگین الزامات عائد کیے گئے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








