میر رضا نے موت سے پہلے آخری 12 گھنٹوں میں کیا کیا؟ حیران کن ٹائم لائن سامنے آگئی

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا کی موت کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں تحقیقاتی کمیٹی نے ان کے آخری 12 گھنٹوں کی مکمل ٹائم لائن مرتب کرلی ہے۔

تحقیقاتی ذرائع کے مطابق میر رضا اپنی زندگی کے آخری گھنٹوں میں سرمایہ کاری اور قرض حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف رہے۔ 27 جولائی کی شام 5 بج کر 54 منٹ پر انہوں نے شارع فیصل پر احمد راجہ سے ملاقات کی، جہاں 70 سے 80 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر گفتگو ہوئی۔

رات 7 بج کر 5 منٹ پر بینک کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ ان کی بہن کے نام پر ایک کروڑ روپے کا قرض منظور ہوگیا ہے، جبکہ اس سے قبل ایک قرض کی درخواست مسترد کی جا چکی تھی۔

ذرائع کے مطابق رات 8 بج کر 23 منٹ پر فاروق محمود نے سرمایہ کاری سے معذرت کرلی، جبکہ رات 11 بج کر 50 منٹ پر میر رضا نے اپنے دوست عبدالرزاق کے ساتھ غفار کباب ہاؤس میں کھانا کھایا۔

تحقیقات کے مطابق رات 12 بجے میر رضا نے صارم سید سے ہنگامی بنیادوں پر 3 کروڑ روپے قرض مانگا اور اگلی صبح کو انتہائی مشکل قرار دیا۔ ان کی اسمارٹ واچ میں مالی آزادی اور قرض کی ادائیگی سے متعلق دعا بھی محفوظ ملی۔

ٹائم لائن کے مطابق رات 12 بج کر 23 منٹ پر انہوں نے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ بند کیا، جبکہ رات 2 بج کر 42 منٹ پر فیس بک، لنکڈ اِن اور اسنیپ چیٹ اکاؤنٹس بھی ڈی ایکٹیویٹ کردیے۔

رات 3 بج کر 10 منٹ پر منگیتر نے متعدد فون کالز اور پیغامات کیے، تاہم کوئی جواب موصول نہ ہوا۔ بعد ازاں انہوں نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس غائب ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

تحقیقاتی ذرائع کے مطابق رات 3 بج کر 18 منٹ پر میر رضا نے اپنے اکاؤنٹس سے رقم والدین کے اکاؤنٹس میں منتقل کی۔ بعد ازاں وہ رات 3 بج کر 42 منٹ پر گھر سے اپنی دکان پہنچے، جہاں سے سیکیورٹی گارڈ کا پستول لیا۔

رات 3 بج کر 53 منٹ پر وہ پستول کے ساتھ دوبارہ گھر پہنچے، جبکہ صبح 4 بج کر 9 منٹ پر آن لائن ٹیکسی کے ذریعے روانہ ہوئے۔ دورانِ سفر 4 بج کر 22 منٹ پر انہوں نے اپنا موبائل فون بند کرکے باہر پھینک دیا۔ صبح 4 بج کر 35 منٹ پر وہ جائے وقوعہ کے قریب پہنچے اور آخری سی سی ٹی وی فوٹیج میں انہیں لاش ملنے کی جگہ سے تقریباً 100 سے 150 میٹر کے فاصلے پر اکیلے جاتے ہوئے دیکھا گیا۔

تحقیقات جاری ہیں، جبکہ حکام اس ٹائم لائن کی روشنی میں مختلف پہلوؤں کا مزید جائزہ لے رہے ہیں۔

Related Posts