آئی ایم ایف کے ملازموں کو پاکستان کے عوام کے فیصلے نہیں کرنے دینگے، بلاول بھٹو

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو خوشاب پی پی 84 میں ضمنی الیکشن جیتنے پر مبارک باددیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کی ضمنی انتخابات میں مسلسل کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ عوام نے پی ٹی آئی کو مسترد کردیا ہے،آئی ایم ایف کے تنخواہ دار ملازموں کو پاکستان کے عوام کے فیصلے نہیں کرنے دیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عوام اپنے ووٹ کے حق کا استعمال کرکے مسلسل عمران خان کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف فیصلے سنارہے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا ہے کہ عمران خان آئی ایم ایف ڈیل پر اب نظرثانی کے بجائے پہلے ہماری بات مان لیتے تو آج معیشت یوں تباہ نہ ہوتی، پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف ڈیل میں اپنی غلطی کو تسلیم کرنا کافی نہیں، عمران خان کو قوم سے معافی مانگنا ہوگی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں ہونے والی مہنگائی کی وجہ عمران خان کے غلط فیصلے ہیں، وزیراعظم کسی اور کو قربانی کا بکرا بنا کر خود نہیں بچ سکتے، آئی ایم ایف سے غلط ڈیل کا اعتراف اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان کے پاس ایک اہل حکمران والی سمجھ بوجھ بالکل نہیں، پہلے آئی ایم ایف سے معاہدے سے گریز کا دفاع کیا، پھر تاخیر سے معاہدہ کرکے غلط ڈیل کا دفاع کیا اور اب اس سے بھی پی ٹی آئی نے یوٹرن لے لیا۔

مزید پڑھیں:این اے 249میں دوبارہ گنتی کے احکامات،اس کے پس پشت کچھ ضرور ہے، سعید غنی

انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان غلطیاں کرتے ہیں، غلطیوں کا اعتراف کرتے ہیں اور پھر وہی غلطیاں دہراتے ہیں، یہ ملک ہے، کوئی کلاس روم نہیں، عمران خان کے آئی ایم ایف کی ہدایت پر عوام سے 1200 ارب روپے کے مزید ٹیکس وصول کرنے کے ہتھکنڈے کو ناکام بنائیں گے، آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی، گیس اور پیٹرول مہنگا کرنے کے بعد عمران خان کہتے ہیں کہ وہ اپنے فیصلوں میں آزاد ہیں۔

آئی ایم ایف کے تنخواہ دار ملازموں کو پاکستان کے عوام کے فیصلے نہیں کرنے دیں گے،آئی ایم ایف کے کہنے پر عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ لادنا دراصل ملکی وقار پر سمجھوتہ ہے، آئی ایم ایف کی ہدایت پر عمران خان نے روپے کی قدر گرا کر بدترین فیصلہ کیا جس کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں، پی پی پی حکومت نے بھی آئی ایم ایف سے پیکج لیا مگر معاہدے میں اپنی عوام دوست شرائط منوائیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان آئی ایم ایف سے ڈیل سے قبل پارلیمان کو اعتماد میں لیتے تو آج عوام یوں مہنگائی کی سونامی میں نہ ڈوب رہے ہوتے، ملک میں اگر آج ریکارڈ بے روزگاری ہے تو اس کی وجہ پی ٹی آئی کی نااہل حکومت کے احمقانہ معاشی فیصلے ہیں۔

ایک کروڑ نوکریاں دینے آئے تھے اور آج عمران خان نے پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کرکے کروڑوں پاکستانیوں کو بے روزگار کردیا، پاکستان پیپلزپارٹی وفاق میں حکومت بنا کر عوام کی معاشی آزادی کو یقینی بنائے گی۔