نئی دہلی: بالی ووڈ کے مقبول ترین اداکار شاہ رخ خان کی فلم ”جوان“ نے 900 کروڑ کے کلب میں داخل ہو کر عالمی سطح پر ایک نیا سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شاہ رخ خان کی فلم جوان نے دنیا بھر کے سینما گھروں میں 900 کروڑ کا بزنس کر لیا۔ ریلیز کے تیسرے ویک اینڈ پر فلم نے عالمی سطح پر شاندار بزنس اہداف عبور کیے جس کی تصدیق تجارتی تجزیہ کار منوبالا وجے بالن نے کی۔
کیا نیٹ فلکس فلم ’جانِ جان‘دیکھنی چاہیے؟
اپنی ریلیز کے 16ویں روز شاہ رخ خان کی فلم جوان کے 3 لاکھ 32 ہزار 931 ٹکٹس فروخت ہوئے جبکہ فلم کو ہندی کے علاوہ تامل اور تیلگو زبانوں میں بھی ریلیز کیا گیا ہے۔ فلم کی کہانی کے علاوہ شاہ رخ خان کے انداز اور نئے روپ سے بھی مداحوں کی بڑی تعداد متاثر ہوئی۔
جوان کی ہدایات ایٹلی نے دی ہیں جس کی کہانی میں شاہ رخ خان کے علاوہ ساؤتھ انڈین ایکٹرز وجے سیتھوپتی اور نینتھرا نے مرکزی کردار نبھائے جبکہ دپیکا پدوکون اور سنجے دت جیسے فنکاروں نے سائیڈ رولز کیے۔
فلم کی ابتدا میں شاہ رخ خان کو ایک ٹرین ہائی جیک کرتے دکھایا گیا ہے جس پر مرکزی ولن کی بیٹی سوار ہوتی ہے۔ شاہ رخ خان نے جیلر آزاد اور فوجی افسر کے 2 رولز ایک ساتھ نبھائے جنہیں پسند کیا جارہا ہے۔
جوان کے مقبول ترین ڈائیلاگ
شاہ رخ خان کے ٹریلر میں بولے گئے ڈائیلاگ ”بیٹے کو ہاتھ لگانے سے پہلے باپ سے بات کر“ کو بے حد سراہا گیا اور سوشل میڈیا صارفین نے ٹوئٹر پر ٹرینڈز بھی تشکیل دے ڈالے تاہم فلم میں دیگر ڈائیلاگ بھی اہمیت کے حامل ہیں۔
مثال کے طور پر جوان کے ٹریلر میں ہی شاہ رخ خان کہتے دکھائی دیتے ہیں کہ ”ہم جوان ہیں۔وطن کیلئے ہزار بار اپنی جان قربان کرسکتے ہیں لیکن تمہارے کاروبار کیلئے نہیں۔“ جس میں جوان سے مراد فوجی لیا جاسکتا ہے۔