روشنیوں کے شہر کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر نگرانی صفائی مہم آج سے شروع ہو رہی ہے جس کے لیے 5 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دئیے گئے ہیں جبکہ اس دوران کراچی کے تمام اضلاع سے گندگی اور کچرا صاف کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور متعلقہ صوبائی وزرا کی سربراہی میں شروع کی جانے والی ایک ماہ کی صفائی مہم کے لیے محکمہ بلدیات کے 6000 ملازمین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جبکہ کچرا اٹھانے کے لیے 600 ڈمپرز استعمال کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کی سعودی عرب کے بعد 7 روزہ دورے پر امریکا روانگی
مہم کے دوران کراچی کی تمام ڈی ایم سیز اور محکمہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ اس دوران کچرے کے ڈمپر کی تصویر اور ویڈیو بنانے پر پابندی عائد ہوگی۔ سڑک پر کچرا پھینکنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی ہوگی، جبکہ میئر کراچی وسیم اختر نے بھی وزیر اعلیٰ سندھ کا ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی سے درخواست کی کہ وہ ایک ماہ کے لیے صفائی مہم بند کردیں اور اب سندھ حکومت کراچی صاف کرکے دکھائے گی۔
شہر قائد میں ایک اہم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاق کو چاہئے کہ صوبوں میں مداخلت سے باز رہے اور اپنے کام پر توجہ دے۔ وفاقی حکومت نے کچرا نالوں سے اٹھا کر لینڈ فل سائٹ لے جانے کی بجائے کھلی جگہوں پر پھینک دیا جس سے شہر میں مکھیاں اور مچھر شہریوں کو بیمار کرنے لگے ہیں۔
مزید پڑھیں: علی زیدی ایک ماہ کے لیے صفائی مہم بند کریں، ہم کراچی صاف کرکے دکھائیں گے۔مراد علی شاہ