کراچی: صوبائی حکومت نے سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر 9 اور 10 محرم الحرام کو سندھ بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی ہے۔اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے اس حوالے سے حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
جاری کئے گئے نوٹیفیکشن کے مطابق پانچ سے زائد افراد کے جمع ہونے پر بھی دفعہ 144 نافذ ہوگا۔ تاہم اس کا اطلاق مجالس اور جلوسوں پر نہیں ہوگا۔ نفرت انگیز وال چاکنگ، بینرز آویزاں کرنے اور آڈیو ویڈیوز پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
اعلامیے میں مزیدکہا گیا ہے کہ متعلقہ حکام کی اجازت کے بغیر نئے جلوس اور مجالس کے اہتمام پر پابندی عائدہوگی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر اسلحہ لے کر چلنے کی پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ فورسز اہلکار، صحافی، بزرگ، خواتین اور کم عمر بچے ڈبل سواری پابندی سے مستثنیٰ ہونگے۔