وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ بابری مسجد کی جگہ مندر کی تعمیر کا حکم عقل کے اندھے ہی دے سکتے ہیں جبکہ نریندر مودی جیسے بھارتی حکمران کے ہوتے ہوئے امن کی بات نہیں کی جاسکتی۔
لاہور میں وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی زیر صدارت ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس ہوا جس میں سانحہ لیاقت پور میں جاں بحق افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی جس میں وزیر ریلوے کو بریفنگ بھی دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: عدالت نے خورشید شاہ کا 23 نومبر تک جوڈیشل ریمانڈ منظور کر لیا، نیب استدعا مسترد
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ مسافروں کی جان و مال کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔ کوتاہی برتنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔
بعد ازاں بھارتی عدالت کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے وزیر ریلوےنے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں پر عرصۂ حیات تنگ ہوچکا ہے جس کے بعد بھارتی مسلمان پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
بابری مسجد فیصلے کے حوالے سے شیخ رشید احمد نے کہا کہ اقلیت کے خلاف کیا گیا یہ فیصلہ مسلمانوں میں احساس پیدا کرے گا کہ بھارت ان کے لیے غیر محفوظ ملک ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ کم عقل لوگ اندازہ نہیں کرسکتے کہ وزیر اعظم عمران خان کے کرتارپور راہداری منصوبے سے کشمیر کاز کو فائدہ پہنچے گا جبکہ اس سے مسئلۂ کشمیر پر ہماری گرفت مضبوط ہوگی۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں 2 روز قبل وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ کرتارپور کوریڈور سے خطے کی تاریخ بدل جائے گی۔ وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔
مزید پڑھیں: کرتارپور راہداری منصوبے سے مسئلۂ کشمیر پر گرفت مضبوط ہوگی۔شیخ رشید احمد