اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ آج کریں گے جن میں سکھر، روہڑی، خیرپور اور ٹھری میر واہ شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آج صوبہ سندھ میں سکھر، روہڑی، خیرپور، فیض گنج، کوٹ ڈجی اور ٹھری میر واہ کے سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی دورہ کریں گے اور امدادی کارروائیوں کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔
سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی، آدھا سندھ ملیا میٹ، شہر جھیلوں میں تبدیل
سکھر کی ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کے نمائندے وزیر اعظم کو سیلاب متاثرین کی امداد اور تباہ شدہ انفرا اسٹرکچر کی بحالی کیلئے جاری کاموں پر بریفنگ دیں گے۔ وزیر اعظم متاثرین سے ملاقات بھی کریں گے۔
بعد ازاں چیف انجینئر سکھر بیراج اور چیف سیکریٹری سندھ وزیر اعظم شہباز شریف کو سیلاب کی تباہ کاریوں پر تفصیلی بریفنگ دیں گے۔ وزیر اعظم سیلاب متاثرین سے ملاقات کے ساتھ ساتھ فوری اقدامات کی ہدایات بھی دیں گے۔
سیلاب کی تباہ کاریوں سے 9 سو سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، شیری رحمن
خیال رہے کہ اس سے قبل سندھ میں مسلسل طوفانی بارش اور سیلاب کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی جس کے نتیجے میں کم و بیش 50 فیصد صوبہ ملیا میٹ ہو کر رہ گیا، انفرا اسٹرکچر تباہ ہوا جبکہ متعدد شہر جھیلوں کا منظر پیش کر رہے ہیں۔
صوبہ سندھ میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث ہونے والی تباہی نے لاکھوں افراد کو بے گھر کردیا۔ میر پور خاص میں سیلابی صورتحال سے ڈھائی لاکھ افراد متاثر ہوئے اور لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔
گزشتہ 10 سال میں تیزی سے ترقی کرتے ہوئے سندھ کے شہر نواب شاہ میں حالیہ بارشوں نے تباہی مچا دی۔ 50 ہزار سے زائد گھر منہدم جبکہ کم از کم 2لاکھ افراد بے گھر ہو کر کھلے آسمان تلے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔