قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو آج داتا کی نگری لاہور میں ملاقات کریں گے جس کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی جائے گی۔
ملاقات کے دوران پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف دھرنے کے حوالے سے آپس میں اہم مشاورت کا ارادہ رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: قوم قائد اعظم کے دستِ راست لیاقت علی خان کا 124واں یومِ پیدائش آج منا رہی ہے
تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) سمیت تمام اپوزیشن جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ بھرپور احتجاج ہونا چاہئے تاکہ حکومت کو حزب اختلاف کی طاقت کا اندازہ ہوسکے، تاہم مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی رہنماؤں کے درمیان اس بات پر اتفاقِ رائے پایا جاتا ہے کہ حکومت کے خلاف احتجاج کی فائنل کال سے قبل باہمی مشاورت ضروری ہے۔
شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری اپنی اپنی سیاسی پارٹی کے سینئر رہنماؤں کی مشاورت سے آپس میں ملاقات کر رہے ہیں جس کے تحت وفاقی حکومت کے خلاف مولانا فضل الرحمن کے دھرنے میں شرکت یا عدم شرکت کا فیصلہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ آج مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے خلاف لاہور کی احتساب عدالت میں سماعت ہوگی جبکہ جیل حکام نامزد ملزمان کو عدالت میں پیش کریں گے۔
احتساب عدالت لاہور کے معزز جج جواد الحسن خواجہ برادران کے خلاف پیراگون اسکینڈل کیس کی سماعت کریں گے جبکہ اس موقعے پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر بلاک کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: خواجہ برادران کے خلاف پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت آج ہوگی