ترکی سمیت کئی یورپی ممالک زلزلے سے لرز اٹھے، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6 اعشاریہ 2 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز مرمرا ایگریلیسی کے جنوب مشرق میں 21 کلومیٹر اور گہرائی 10 کلو میٹر تھی ۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ مرمرہ کے اندرونی سمندر میں استنبول کے نواحی علاقے سیلیوری کے قریب آیا،یورو-میڈیٹیرینین سیسمولوجیکل سینٹر نے زلزلے کی شدت 6.2 ریکارڈ کی ہے۔
زلزلے کے جھٹکے استنبول سمیت قریبی صوبوں میں بھی شدت سے محسوس کیے گئے، جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم کسی جانی اور مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
زلزلہ استنبول کے مضافات میں سلویری سے دور مارمارا کے ان لینڈ سمندر میں آیا جس کی شدت پڑوسی صوبوں میں بھی محسوس کی گئی ہے، تاہم ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
ترک وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے اعلان کیا کہ متعلقہ ریاستی اداروں نے ممکنہ نقصان کا اندازہ لگانے کے لیے فیلڈ سروے شروع کر دیا ہے۔ ’میں زلزلے سے متاثر اپنے شہریوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتا ہوں۔
ترکیے کے علاوہ کئی یورپی ممالک میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن میں یوکرین، یونان، رومانیہ اور بلغاریہ سمیت کئی ممالک شامل ہیں۔
ترک ماہر ارضیات اردال شاھان کےک مطابق ترکیہ کا جغرافیائی محل وقوع اسے مسلسل زلزلوں کے خطرے سے دوچار بناتا ہے۔ خاص طور پر شمالی اناطولیہ میں مشرقی اور مغربی حصے میں فالٹ لائنز کے ساتھ ساتھ ایکٹیو فالٹ لائنز اکثر بڑے زلزلوں کا باعث بنتی ہیں۔
یاد رہے کہ ترکی میں اکثر و بیشتر زلزلے آتے رہے ہیں ،ترکیہ میں سب سے زیادہ تباہ کن زلزلہ 17 اگست 1999 کو آیا جب 7.4 شدت کے زلزلے نے کوکیلی، گولکوک، استنبول، ساکریا اور یالووا جیسے شہروں کو تباہ کر دیا تھا ، جس میں 17000 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔