برطانوی شاہی جوڑے کا دورہ پاکستان

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

برطانیہ کے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن پیر کی شب پاکستان پہنچے ، اس وقت پاکستان جس طرح عالمی سطح پر چیلنجز سے نبردآما ہے اور وزیراعظم پاکستان دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کیلئے کوشاں ہیں ایسے میں برطانوی شاہی جوڑے کادورہ پاکستان انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔اس سے قبل پرنس ولیم کی والدہ شہزادی ڈیانا نے 1996 میں پاکستان کا ایک دورہ کیا تھا جبکہ 2006 میں پرنس ولیم کے والد پرنس چارلس اور ان کی اہلیہ کامیلا نے پاکستان کا دورہ کیا۔ اس کے علاوہ برطانوی ملکہ الزبتھ بھی 1961 اور 1997 میں پاکستان کے سرکاری دورے کر چکی ہیں۔

شاہی مہمان شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی، ایوان صدر پہنچنے پر صدر مملکت عارف علوی جبکہ وزیر اعظم ہاؤس آمد پر عمران خان نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ شہزادی کیٹ مڈلٹن اور صدر مملکت کی اہلیہ کے درمیان بھی بات چیت ہوئی۔صدرمملکت سے مختصر ملاقات کے بعد معزز مہمان وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں شہزادی کیٹ مڈلٹن مسکراتی ہوئیں گاڑی سے اتریں ، وزیر اعظم عمران خان نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا،اس موقع پر شاہی مہمانوں کے چہرے خوشی سے تمتما رہے تھے۔

وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے معزز مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا اس سے قبل برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن نے گرلز ہائی اسکول اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں شاہی جوڑے نے اسکول کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا۔ شاہی جوڑے کو پاکستان میں نظام تعلیم سے متعلق بریف کیا گیا، شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔2006 کے بعد برطانوی شاہی خاندان کے کسی بھی فرد کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔

گزشتہ روز کیٹ مڈلٹن برطانوی ڈیزائنر کیتھرین واکر کے آسمانی رنگ کے انتہائی خوبصورت شلوار قمیض میں نظر آئیں۔ حیرت انگیز طور پر ان کے لباس نے لیڈی ڈیانا کے اس لباس کی یاد تازہ کردی جو انہوں نے آج سے 23 سال قبل 1996 میں پاکستان آمد کے موقع پر پہنا تھا۔صرف لباس ہی نہیں شہزادی کیٹ مڈلٹن نے اس موقع پر پاکستانی برانڈ کے لباس سے ہم رنگ آویزے پہنے۔

برطانوی شاہی جوڑا 16 اکتوبرکو چترال جائے گا جہاں وہ مقامی افراد سے بھی ملے گا اور شمالی علاقہ جات کے پرفضا مقامات کا بھی دورہ کرے گا۔ برطانوی شاہی مہمان صوبہ خیبر پختونخوامیں درہ خیبر، قلعے کا دورہ بھی کریں گے۔

پاکستان ایک بار پھرسیاحوں کیلئے حسین اور پرکشش منزل بن کر ابھر رہا ہے،یہ دورہ پاک برطانیہ تعلقات کی مضبوطی سمیت دنیا بھر میں ملک کے حقیقی اور مثبت تشخص کو اجاگر کرے گا، دہشت گردی کے عفریت کے پنجے گاڑنے سے قبل سوات بھی سیاحوں کیلئے ایک پرکشش مقام کی حیثیت رکھتا تھا تاہم اب ملک میں امن کی بحالی کے بعد پاکستان میں شاہی جوڑے کے دورہ سے ایک بار پھر سیاحوں کو ایک مثبت پیغام جائیگا کیونکہ پاکستان کے تاریخی مقامات اور شمالی علاقہ جات کی مسحورکن خوبصورتی سرزمین پاکستان کو منفرد بناتی ہے، پاکستان اور اس کے عوام شاہی مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہیں، امید ہے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ خوبصورت یادیں اپنے ساتھ لے کر جائیں گے۔

Related Posts